مشہور زمانہ'اسٹرنگز' بینڈ کو کیوں ختم کیا گیا؟گلوکار بلال مقصود نے حقیقت سے پردہ اٹھادیا
(ویب ڈیسک) معروف گلوکار بلال مقصود نے مشہورِ زمانہ “اسٹرنگز” بینڈ کو ختم کرنے کی اصل وجہ بتا دی۔
تفصیلات کےمطابق حال ہی میں “اسٹرنگز” کے بانی اور گلوکار بلال مقصود نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں اُنہوں نے بینڈ کو توڑنے کے بارے میں کُھل کر بات کی۔بلال مقصود نے کہا کہ “میرے اور فیصل کپاڈیا کے لیے اسٹرنگز بہت اہم اور خاص تھا،ہمیں معلوم تھا کہ اس بینڈ نے ایک نہ ایک دن ضرور ختم ہونا ہے کیونکہ ہر عروج کو زوال ہوتا ہے اور یہی دنیا کا نظام ہے”۔
گلوکار نے کہا کہ “میں نے اور فیصل کپاڈیا نے پہلے ہی سوچ لیا تھا کہ اسٹرنگز بینڈ کو اس کے عروج پر ہی ختم کریں گے اورہم نے یہ فیصلہ اس بینڈ کو کامیاب بنانے کے لیے کیا تھا جبکہ لوگ ناکامی کے بعد ایسے فیصلے کرتے ہیں”۔
اُنہوں نے کہا کہ “ہمیں سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کس طرح اس بینڈ کو ختم کریں؟ پھر اسی دوران کورونا وائرس آگیا، اس وبا کی وجہ سے ہم ایک بھی گانا نہیں بنا سکے اور ہم نے سوچا کہ ہم 2 سال کا بریک لے لیتے ہیں لیکن پھر ہم سب نے ملکر مشورہ کیا کہ ہم "اسٹرنگز بینڈ " کو ختم ہی کردیتے ہیں، اس طرح ہمارا بینڈ اپنے زوال پر نہیں بلکہ عروج پر ہی ختم ہوگا”۔
بلال مقصود نے مزید کہا کہ “میرے اور فیصل کے درمیان کوئی لڑائی نہیں ہے، ہم آج بھی اچھے دوست ہیں لیکن ہم کبھی بھی ایک ساتھ کسی پراجیکٹ میں نظر نہیں آئیں گے”۔واضح رہے کہ تین دہائیوں تک میوزک انڈسٹری پر راج کرنے والے اسٹرنگز گروپ کو کالج کے چار دوستوں نے 1988ء میں بنایا تھا جوکہ چند سال بعد ہی ٹوٹ گیا ۔