(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ نظام قانون میں اصلاحات بہت ضروری ہیں، ہم چاہتے ہیں ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی مہم کا آغاز ہو چکا ہے، ن لیگ پارلیمنٹری بورڈ کے اجلاس بھی ہو رہے ہیں، ہر شخص پورٹل پر سفارشات پیش کر سکتا ہے، دعوت دے رہے ہیں مل کر تمام شعبوں میں تجاویز کو ترتیب دیں، تجاویز دیں کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کیسے بہتری لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا منشور کا حصہ ہے، آج پاکستان جس منزل پر کھڑا ہے اور جہاں ہم جانا چاہتے ہیں اس کیلئے ہمیں ایک ٹیم کی ضرورت ہے، جتنی شراکت کے ساتھ ہم پاکستان کے مسائل کو حل کرنے کی پالیسیاں بنائیں گے وہ پالیسیاں کامیاب ہوں گی، اسی حکمت عملی کے تحت ہم نے ن لیگ کے منشور کو حتمی شکل دینے کیلئے پورٹل لانچ کیا ہے۔