27 Dec 2023
(لاہور نیوز) لاہور ایئرپورٹ پر بھی دھند نے ڈیرے جما لیے، حد نگاہ کم ہونے پر رن وے کو فلائٹ آپریشن کیلئے بند کردیا گیا۔
لاہور ایئرپورٹ پر دھند کے باعث حد نگاہ 50 میٹر ریکارڈ کی گئی، پائلٹس کو لینڈنگ، ٹیک آف سے پہلے اے ٹی سی سے اجازت لینے کی ہدایت کردی گئی جبکہ رن وے کو ہر قسم کے فلائٹ آپریشن کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
دھند کے باعث متعدد پروازوں کی آمدورفت متاثر ہو کر رہ گئی جبکہ کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق شارجہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 185 کو منسوخ کر دیا گیا جبکہ لاہور سے کوالالمپور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 898 بھی منسوخ کردی گئی اور جدہ سے لاہور آنے والی ایئربلیو کی پرواز پی اے 471 بھی اڑان نہ بھر سکی۔