(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں شدید دھند نے ڈیرے ڈال لیے، حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔
لاہور میں رنگ روڈ، ایئرپورٹ، کینال روڈ، صحافی کالونی اور دیگر علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، سڑکوں پر حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کا دباؤ نظر آرہا ہے جبکہ حد نگاہ کم ہونے پر موٹرویز کو بھی مختلف مقامات سے بند کردیا گیا ہے۔
موٹرویز ترجمان کے مطابق دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے سمبڑیال تک بند کر دی گئی، موٹرویز ایم 2 لاہور سے کوٹ سرور تک، مو ٹرویز ایم 3 فیض پور سے سمندری تک اور موٹرویز ایم 5 شیر شاہ سے اُچ شریف تک بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹرویز پولیس کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت سے دھند کا دورانیہ بڑھ گیا ہے، اس موسم میں بہترین سفری اوقات صبح 10 سے شام 6 بجے تک ہیں، سفر کرنے والے معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں، اس کے علاوہ شہری گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔