(لاہور نیوز) ڈاکٹرز ہسپتال میں سی آئی اے پولیس کی غنڈہ گردی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب بھی میدان میں آ گئی۔
ڈی آئی جی سی آئی اے ملک لیاقت کی جانب سے بھاری نفری کے ساتھ ڈاکٹرز ہسپتال پر حملہ اور صحافیوں پر تشدد کی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب نے شدید مذمت کی۔ سی آئی اے پولیس کے حملے کو گھٹیا فعل قرار دیا۔
وائے ڈی اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی نے کہا کہ جہاں پر مریضوں کا علاج ہوتا ہے وہاں پر حملہ شرمناک فعل ہے، پولیس ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہ لیتی ہے، ہسپتالوں میں گھسنا ان کا کام نہیں ہے، واقعہ کی باقاعدہ انکوائری نہ کی گئی تو عوام اور صحافیوں کا تحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔
چیئرمین وائے ڈی اے مدثر نواز اشرفی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک ہسپتال پر حملے اور صحافیوں پر تشدد کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی، اگر ڈاکٹرز ہسپتال پر حملہ ہو رہا ہے تو یہ کوئی ذہنی مسئلہ ہے، انسان کہلوانے والا ہسپتال پر حملہ نہیں کر سکتا، ڈاکٹرز ہسپتال واحد ہسپتال ہے جہاں جان بچانے کی سہولیات موجود ہیں۔
گنگارام ہسپتال میں وائے ڈی اے کے صدر ڈاکٹر اعظم سعید نے کہا کہ ہسپتال سیاست کی جگہ نہیں ہے، کچھ خدا کا خوف کریں، ڈاکٹرز کمیونٹی صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر سلیم نیازی ، ڈاکٹر ابو بکر گرمانی ، ڈاکٹر راشد ، ڈاکٹر کاشف شبیر سمیت ینگ ڈاکٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس افسوسناک واقعہ کی پرزور مذمت کی۔