(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ کے اطراف کی سڑکیں اور میٹرو سٹیشن جلد ازجلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ چوک کا دورہ کیا اور شاہدرہ چوک پر کام کی رفتار میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کئی روز قبل فلائی اوور پراجیکٹ مکمل ہونے کے باوجود شاہدرہ چوک پر کام مکمل نہ ہونا باعث تشویش ہے، سارا کام رکا ہوا ہے جو سراسر غلط ہے، ایک تاریخ طے کریں اور 100 فیصد کام مکمل کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شاہدرہ چوک کے اطراف کی سڑکوں اور پارک سمیت میٹرو بس سروس کے ٹریک کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ5 جنوری تک شاہدرہ چوک کے اطراف کی سٹرکیں اور دیگر کام مکمل ہونے چاہئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شاہدرہ چوک پر کام کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے بہترین انتظامات کی بھی ہدایت کی۔
قبل ازیں وزیراعلی محسن نقوی نے زیر تعمیر نئے راوی پل کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، انہوں نے پائلنگ کے کام کا جائزہ لیا اور پائلنگ ورک کو 15 جنوری تک مکمل کرنے کا حکم دیا، انہوں نے منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منصوبے پر دن رات کام کیا جائے، منصوبے کو 31 جنوری تک مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔