وزیراعلیٰ ہاؤس کا خرچہ خود کررہا ، حرام کھانے والے پر لعنت بھیجتا ہوں: محسن نقوی
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایوان وزیراعلیٰ کا سارا خرچہ جیب سے کررہا ہوں ، حرام کھانے والے پر لعنت بھیجتا ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیراعلیٰ ہاؤس کا ہر فنڈ بند کردیا ہے، بجلی کا استعمال بھی 3گناہ کم کردیا ہے، جو حرام کھاتے ہیں اور جنہوں نے کھایا ان پر بھی لعنت بھیجتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ راوی پل فروری میں مکمل ہوجائے گا، شاہدرہ اور امامیہ کالونی پل بھی بنیں گے، راوی پل کی توسیع کا کام چل رہا ہے، تعمیرات میں کچھ چیزوں کیلئے وقت چاہیے ہوتا ہے، درمیان میں کچھ مسائل تھے جس کی وجہ سے کام رکا ہواتھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اس سال 1کروڑ لائسنس بنے ہیں، راولپنڈی میں بھی روزانہ 7سے8ہزار لائسنس بن رہے ہیں، لاہور میں بھی ایک دن میں 40ہزار لائسنس بن رہے ہیں، لائسنس نہ ہونے پر کسی قسم کی نرمی نہیں، یکم جنوری سے لائسنس کی فیس بڑھ جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو نامکمل تھے ان سارے پروجیکٹس کو ہم نے ٹارگٹ کیا، ہم نے وقت سے پہلے منصوبے مکمل کیے،سارا کریڈٹ ٹیم کو جاتا ہے، مستقبل میں سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں،فی الحال اپنے کام پر جائیں گے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں شامل ہیں، کرسمس پر ہر طرح کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔