(لاہور نیوز) سی ٹی ڈی پنجاب کی بڑی کارروائی ، فیصل آباد میں حساس ادارے کے دفتر پرحملے سمیت 50 افراد کا قاتل ساتھی سمیت مقابلے میں مارا گیا ۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی چنیوٹ کے علاقے میں کی گئی، آپریشن کے دوران دہشت گرد نے مزاحمت کی جس سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، غضنفر ندیم کے ساتھ مارے جانے والے دہشت گرد کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گرد کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی، غضنفر ندیم 2011 سے مفرور تھا ،مختلف ادارے تلاش جاری رکھے ہوئے تھے ۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ مذہبی منافرت پر مبنی دہشت گردی میں غضنفر ندیم ماسٹر مائنڈ تھا ، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے گولہ بارود ، جدید اسلحہ قبضہ میں لیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق غضنفر ندیم عرف خالد حبیب مختلف القابات سے جانا جاتا تھا ، دہشت گرد فیصل آباد میں حساس ادارے سمیت 11 بڑی کارروائیوں میں ملوث تھا ، دہشت گرد نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خود کش حملے سمیت ایک فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ بھی کی ۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ غضنفر ندیم کی ہلاکت سے دہشت گردی کے مزید واقعات میں کمی متوقع ہے ، سی ٹی ڈی پنجاب محفوظ معاشرے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔