(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم انتظامیہ اور قومی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کی سیریز سے ورلڈ کپ کی تیاریاں شروع کرنے اور نئے کھلاڑیوں کو بتدریج آزمانے کا فیصلہ کرلیا۔
پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں صف اول کے بیٹرز بابراعظم اور محمد رضوان کو تین تین میچ کھلائے جائیں گے، انہیں دو دو میچوں میں آرام دیا جائے گا تاکہ نئے ٹیلنٹ کو بھی آزمایا جائے۔
فیصلے کے مطابق بائیں ہاتھ کے بیٹرصائم ایوب مستقل اوپنر کی حیثیت سے کھیلیں گے جبکہ کسی میچ میں صائم کے ساتھ بابراعظم اور کسی میچ میں محمد رضوان اننگز کا آغاز کریں گے۔
جس میچ میں بابراعظم اننگز اوپن کریں گے اس میچ میں محمد رضوان ون ڈاؤن اور جس میچ میں محمد رضوان اوپنر کی حیثیت سے کھیلیں گے اس میچ میں بابراعظم کو ون ڈاؤن پر کھلانے کی تجویز ہے۔
وہاب ریاض کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کی 17 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا، ٹیم میں اسامہ میر، محمد عباس آفریدی اور حسیب اللہ پہلی بار سکواڈ کا حصہ بنے ہیں جبکہ صاحبزادہ فرحان، اعظم خان اور ابرار احمد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے اوپنر فخر زمان کو نمبر چار پر ٹی ٹوئنٹی میچ کھلایا جائے گا، افتخار احمد پانچویں اور اعظم خان چھٹے نمبر پر کھیلیں گے تاہم جس میچ میں اعظم خان کھیلیں گے اس میچ میں اعظم وکٹ کیپنگ کریں گے جبکہ محمد رضوان فیلڈنگ کریں گے۔
تیسرے وکٹ کیپر حسیب اللہ مڈل آرڈر میں کھیلیں گے اور وہ بھی وکٹ کیپنگ نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان نے افتخار احمد، شعیب ملک، شان مسعود، طیب طاہر، آصف علی اور محمد نواز کو مڈل آرڈر میں کھلایا لیکن اس کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہ آسکے۔
اس لئے نیوزی لینڈ کی مشکل سیریز میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمراعظم خان، صاحبزادہ فرحان، عباس آفریدی اور حسیب اللہ کو موقع دیا گیا۔
حسیب اللہ نے ڈومیسٹک سیزن کے دوران اپنی پرفارمنس سے متاثر کرنے کے بعد اپنا پہلا کال اپ حاصل کیا، انہیں اس سال کے پاکستان کپ کے دوران شاندار کارکردگی پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔