(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شہر کی 6 مصروف ترین شاہراہوں پر پروٹیکٹڈ یوٹرنز بنانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کاجائزہ لیا گیا، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل آئی جی،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی سی پی او، سی ٹی او اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی دارالحکومت کی 6 مصروف ترین شاہراہوں پرٹریفک کی روانی کے لئے پروٹیکڈ یو ٹرنز بنانے کی منظوری دیتے ہوئے 19جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔
قادر توپاش چوک، گجومتہ چوک، نشتر چوک، کھوکھر چوک اورجوڑے پل چوک پر یوٹرن بنائے جائیں گے، اجلاس میں بابوصابو ٹول پلازہ شفٹ کرنے کی منظوری بھی دی گئی ، جبکہ ملتان روڈ اور ٹھوکرنیاز بیگ کے داخلی راستے پر رش ختم کرنے کے لئے مختلف تجاویز کاجائزہ لیا۔
اجلاس میں ہیوی ٹریفک کو براہ راست ایم ٹو موٹروے پر رواں کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملتان روڈ پر آنے والی ٹریفک رواں کرنے کے لئے پائیدار اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔