(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ نان سیلری بجٹ سے سکولوں کے یوٹیلیٹی بلز ادا نہیں کر سکتے۔
ایجوکیشن اتھارٹیز کے سی ای اوز نے مطالبات حکومت کے سامنے رکھ دیئے۔ افسران نے مالی مشکلات کا شکوہ کرتے ہوئے کہا نان سیلری بجٹ سے سکولوں کے یوٹیلیٹی بلز ادا نہیں کر سکتے۔ 15 ارب روپے کا نان سیلری بجٹ سکولوں کے روز مرہ اخراجات پر ہی خرچ ہونا چاہئے۔
سی ای اوز نے مطالبہ کیا ہے کہ مختلف مد سے جمع ہونے والا ریونیو محکمہ سکول ایجوکیشن میں ہی خرچ ہونا چاہئے۔ 36 اضلاع کے سی ای اوز نے حکومت کے سامنے تجاویز بھی رکھ دیں۔
سی ای اوز کا کہنا ہے کہ محکمہ کو ملنے والا بجٹ کم اور اخراجات زیادہ ہیں۔ حکومت یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی کرے۔ سکولوں کی رجسٹریشن سمیت دیگر مد میں آنے والا ریونیو محکمہ سکول ایجوکیشن کو ملنا چاہئے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے سی ای اوز کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام تجاویز حکومت کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ حکومت سے منظوری کے بعد ہی عملدرآمد ہو گا۔