(لاہور نیوز) مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو گیا۔ سبزی فروش سبزیوں کے دام پاؤ کے حساب سے بتانے لگے۔
مہنگائی نے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں لوگوں کی قوت خرید سے باہر کر دیں۔ مارکیٹ کمیٹی کی لسٹ میں پیاز 150 روپے، مارکیٹ میں 200 روپے کلو تک فروخت ہونے لگا۔ ٹماٹر بھی 105 روپے کے بجائے 160 روپے فی کلو تک بک رہا ہے۔
لہسن اور ادرک نے تو حد ہی پار کر دی۔ لہسن چائنہ 590 روپے کے بجائے 850 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔ ادرک تھائی لینڈ 390 روپے کے بجائے 750 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
مارکیٹ میں مچھلی کی فروخت کی وجہ سے برائلر کی کھپت میں کمی آ گئی۔ برائلر گوشت 7 روپے سستا ، نئی قیمت 463 روپے فی کلو مقرر ہو گئی۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں 2 روپے فی درجن کا اضافہ ہوا۔ انڈے 346 روپے سے بڑھا کر 348 روپے درجن مقرر ہو گئے۔
خریدار کہتے ہیں حکومت ریلیف دے تاکہ لوگ آسانی سے خریداری کر سکیں۔اب تو ریٹ کلو یا دھڑیوں میں نہیں پاؤ میں آویزاں کئے جاتے ہیں۔