وزیراعلیٰ پنجاب کے چلڈرن و جنرل ہسپتال کے دورے،اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال اور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی رات گئے چلڈرن ہسپتال،جنرل ہسپتال،خدمت مرکز اوربند روڈ کے دورے پر پہنچے، محسن نقوی نے لگاتارساڑھے چار گھنٹے زیر تکمیل پراجیکٹس اورسروسز کا جائزہ لیا۔
انہوں نے چلڈرن ہسپتال میں ریڈیالوجی،میڈیکل ایمرجنسی،میڈیکل فور،اوپی ڈی کا دورہ کیا، محسن نقوی نے کینسر،ڈینٹل وارڈ اور آپریشن تھیٹر بھی دیکھے، وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں بائیو گیس پائپ کی انڈرگراؤنڈ فٹنگ کی ہدایت کی اور اے سی پلانٹ کی انسولیشن بھی دوبارہ کرنے کا حکم دیا، انہوں نے فرشی ٹائلز کا معیار چیک کیااور دوران تعمیر ڈھاپنے کی ہدایت بھی کی۔
محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا اور مریض بچوں کا حال احوال دریافت کیا، وزیراعلیٰ نے گردوں کی خرابی کی وجہ سے داخل ننھے ابوبکر سے شفقت کا اظہار کیا اور والدہ کو دلاسہ دیا۔
بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی جنرل ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زیر تکمیل ایمرجنسی وارڈکا معائنہ کیا اور جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔
ہسپتالوں کے دورے کے بعد وزیراعلیٰ فوراً لبرٹی خدمت مرکز پہنچ گئے اور موجود شہریوں سے صورتحال دریافت کی، محسن نقوی کے دریافت کرنے پرمتعدد شہریوں نے عرصہ دراز سے بلا لائسنس گاڑی چلانے کا اعتراف کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے لائسنس اورلرنر بنوانے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی لبرٹی خدمت مرکز سے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس پراجیکٹ کا جائزہ لینے پہنچ گئے جہاں سائٹ آفس پر ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبے بارے بریفنگ دی، محسن نقوی نے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس پراجیکٹ کے پورے روٹ کا معائنہ کیااور سگیاں پر داخلی و خارجی ریمپ بنانے کا حکم دیتے ہوئے فوری طورپر پلان طلب کرلیا۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر،اظفر علی ناصر،صوبائی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری ہیلتھ،کمشنر،ڈپٹی کمشنر اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔