ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، اقتصادی زونز سے متعلق امور کا جائزہ لیا
(لاہور نیوز) نگران وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی، اجلاس میں اہم شعبوں میں مختلف پالیسی سطح کے اقدامات اور منصوبوں کی پیشرفت پر غور کیا گیا، متعلقہ وزارتوں نے مختلف منصوبوں اور متعلقہ پہلوؤں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔
وزارتوں نے کاروبار اور سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لئے مختلف اقدامات کی سفارش کی، کمیٹی نے دوست ممالک یو اے ای اور کویت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کو سراہا۔
کمیٹی نے وزارتوں کو معاہدوں کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے منصوبوں پر کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی،کمیٹی نے مختلف اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق نظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں قومی سطح پر صنعتی ترقی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔