(ویب ڈیسک) چینی مافیا نے چند ماہ بعد ہی حکومتی رٹ پھر چیلنج کردی ،صرف تین روز میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی 12 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق شوگر مافیا اور سٹے باز مارکیٹ میں ایک بار پھر سرگرم ہوگئے۔ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت صرف تین دن میں 120 روپے سے بڑھا کر 132روپے کردی گئی۔
چینی کی سو کلو کی بوری 13200 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے ۔ دکانداروں نے چینی کی قیمت میں اضافے کو شوگر ملز مالکان اور بڑے شوگر ڈیلرز کی ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیا۔
ہول سیل ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے 8 کاروباری روز میں چینی ہول سیل ریٹ میں 16 روپے فی کلو مہنگی ہوچکی ہے جس کے اثرات عوام کیلئے ریٹیل مارکیٹ پر بھی نظر آ رہے ہیں۔
شوگر انڈسٹری کے سٹیک ہولڈرز کا کہنا ہے کہ کرشنگ سیزن شروع ہونے کے باوجود چینی مہنگی ہونا حکومت کیلئے بڑا سوالیہ نشان ہے، شوگر ملز مالکان کا چینی ایکسپورٹ کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی قیمت پر اثرانداز ہوا ہے۔