(لاہور نیوز) یوٹیلیٹی سٹورز عوام کے سٹورز نہ رہے، صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صارفین ہی مستفید ہو رہےہیں جبکہ عام صارف کیلئے اشیا مارکیٹ ریٹ سے مہنگے داموں دستیاب ہیں ۔
عام صارف کیلئے یو ٹیلیٹی سٹور فائدہ مند نہ رہا،اشیا عام مارکیٹ سے بھی مہنگے داموں ملنے لگیں،رعایتی نرخ پر صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر رجسٹرڈ صارف ہی مستفید ہو رہےہیں۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر عام صارف کو چینی 155 روپے کلو دی جا رہی جبکہ مارکیٹ میں چینی 150 روپے فی کلو میں مل رہی ہے، یوٹیلیٹی سٹور سے عام صارف کو گھی 420 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ مارکیٹ میں اسی معیار کے گھی کی قیمت 400 روپے فی کلو تک ہے۔
اسی طرح دیگر اشیائے ضروریہ بھی عوام کو سستے داموں دستیاب نہیں، بے نظیر سپورٹ پروگرام میں شامل عوام کو بھی گھی، چینی اور آٹا کی خریداری کیلئے دیگر اشیا کی خریداری کی شرط ہے۔
دوسری جانب شہریوں کی زبان پر یوٹیلیٹی سٹورز پرمہنگائی اور اشیا کی عدم دستیابی کے شکوے ہیں۔