(ویب ڈیسک) بجلی کے بلوں میں صارفین کو لوٹنے کے معاملے پر وزارت توانائی بجلی کمپنیوں کی حمایت میں کھڑی ہو گئی، نیپرا کی انکوائری رپورٹ کو مضحکہ خیر قرار دے دیا۔
وزارت توانائی نے اپنی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیپرا کی رپورٹ غیر مصدقہ اور بے بنیاد ہے، اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، نیپرا کی جانب سے استعمال کیا گیا ڈیٹا زیادہ تر غلط ہے، غلط ڈیٹا میکنزم اختیار کرنے سے اعداد و شمار میں غلطیاں ہوئیں۔
وزارت توانائی کی رپورٹ کے مطابق نیپرا کی رپورٹ میں کوالٹی کنٹرول سے متعلق بھی مسائل ہیں، نیپرا کی رپورٹ میں نمونے لینے کا طریقہ کار متعصب اور روایتی رہا ہے، رپورٹ میں بجلی کے تقسیمی نظام کے زمینی حقائق کو بھی نہیں دیکھا گیا۔
وزارت کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ریگولیٹری باڈی کے رپورٹ میں تقسیمی نظام کے آپریشن کنسٹرینٹس کو بھی نہیں دیکھا گیا، انکوائری رپورٹ میں اعداد و شمار کا تجزیہ اور تصدیق نہ ہونے کے برابر ہے۔