(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے اب آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنائے جائیں گے۔
لبرٹی پولیس خدمت مرکز میں ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی اور ایس پی ارتضی کمیل نے میڈیا سے گفتگو کی۔
ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے کہا خدمت اور سہولت ساتھ ساتھ دے رہے ہیں، اب آن لائن لرنر لائسنس بنائے جائیں گے، فرنٹ ڈیسک پر لاگ ان پاسورڈ دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا پنجاب میں سوا لاکھ لائسنس روزانہ بن رہے ہیں، لاہور میں 23 ہزار روز لائسنس بن رہے ہیں، لائسنس کے 2003 کے سافٹ ویئرز اپ ڈیٹ کر دیئے گئے ہیں، بزرگ حضرات اور فیملیز کو ترجیح دی جا رہی ہیں۔
سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کیو آر کوڈڈ مکینزم متعارف کروا دیا گیا ہے، کیو آر کوڈ کے ذریعے شہری اپنی رائے دے سکتے ہیں، انڈر ایج ڈرائیورز کے والدین ان کو قابو میں رکھیں، قانون سے بالاتر کوئی نہیں، انڈر ایج ڈرائیورز کا سی آر او بن رہا ہے ان کے ماں باپ ذمہ دار ہیں، ہم حکومتی فیصلے پر عمل درآمد کروا رہے ہیں والدین بچوں کو قابو میں رکھیں۔
اس موقع پر ایس پی ارتضی کمیل کا کہنا تھا عوام کی خدمت کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں، ہمارا مقصد عوام کو بہترین ماحول میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔