(ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 65 کروڑ 88 لاکھ ڈالر مالیت کے تین منصوبوں کی منظوری دے دی۔
اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی کی جانب سے 30 کروڑ ڈالر امپرووڈ ریسورس موبلائزیشن اینڈ یوٹیلائزیشن ریفارمز پروگرام کے لئے منظور کئے گئے ہیں جبکہ ساڑھے 27 کروڑ ڈالر کی اضافی فنانسنگ سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پراجیکٹ کے لئے منظور کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ 8 کروڑ ڈالر کا رعایتی قرضہ خیبر پختونخوا فوڈ سکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے لئے منظور کیا گیا ہے۔
اے ڈی بی اعلامیے کے مطابق منصوبے پائیدار گروتھ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اہداف کے حصول کے لئے منظور کئے گئے ہیں، منصوبوں کے تحت مقامی وسائل کو متحرک بنانے، سیلاب سے متاثر ہونے والے سکولوں کی بحالی اور فوڈ سکیورٹی بہتر بنانے کے لئے پیداوار بڑھانے پر فوکس کیا جائے گا۔
پاکستان کو ملنے والی فنانسنگ سے گزشتہ سال آنے والے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے اثرات سے نکلنے اور واپس طویل المعیاد ترقی کی راہ پر آنے میں مدد ملے گی۔