(لاہور نیوز) سیف سٹی لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سنٹر نے سیالکوٹ اور فیصل آباد سے گم ہونے والی بچیوں کو والدین کے حوالے کردیا۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ایمرجنسی 15 (ون فائیو) پر10 سالہ میرب ،4 سالہ حورین اور3 سالہ راعنہ کی گمشدگی کی کالز موصول ہوئیں،فیصل آباد ملت ٹاؤن سے میرب اور سیالکوٹ سمبڑیال سے حورین اور راعنہ گھر کا راستہ بھول گئی تھیں۔
اتھارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ ورثا کی جانب سے بچیوں کی گمشدگی کی کالز پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر موصول ہوئیں،دوسری جانب سمبڑیال سیالکوٹ اورملت ٹاؤن فیصل آباد سے بچیاں ملنے کی کالز بھی موصول ہوئیں۔
سیف سٹیز ترجمان نے مزید کہا کہ سیف سٹی لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سنٹر نے دنوں کالز کا موازنہ کیا،سمبڑیال پولیس اورملت ٹاؤن پولیس نے تصدیق کے بعد بچیوں کو ورثا کے حوالے کردیا،سیف سٹی لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سنٹر اب تک 5 ہزار سے زائد افراد کو اپنوں سے ملوا چکا ہے۔