(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور کارنامہ سرانجام دے دیا ۔
دائیں ہاتھ کے بیٹر شعیب ملک کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہزار چوکے مکمل ہوگئے۔ وہ 1ہزار ٹی ٹوئنٹی چوکے لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
شعیب ملک نے 3 دسمبر کو قومی ٹی ٹوئنٹی میں سیالکوٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے راولپنڈی کے خلاف 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے اور اہم سنگ میل عبور کیا۔
پاکستانی آل راؤنڈر یہ کارنامہ انجام دینے والے مجموعی طور پر دنیا کے آٹھویں کھلاڑی ہیں، شعیب ملک نے 482 اننگز میں ایک ہزار چوکے مکمل کیے ہیں۔
اس کے علاوہ شعیب ملک نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے 400 چھکے بھی مکمل کرلیے، وہ چار سو چھکے لگانے والے بھی پہلے پاکستانی ہیں۔
واضح رہے کہ شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرچکےہیں، وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے دوسرے بیٹر ہیں،ان سے قبل صرف ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے سنگ میل عبور کیا تھا۔