03 Dec 2023
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے کہا ہے کہ جب سابق کرکٹرز ٹی وی پر بیٹھ کر قومی ٹیم پر تنقید کرتے ہیں تو کھلاڑیوں پر برا اثر پڑتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ملک کے لیجنڈز کا ٹی وی پر بیٹھ کر قومی ٹیم کے حوالے سے منفی باتیں کرنا مناسب نہیں لگتا، انڈیا یا دیگر ممالک کی ٹیموں پر اتنی تنقید نہیں ہوتی جتنی ہمارے ہاں ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا جب سابق کرکٹرز منفی بات کرتے ہیں تو کھلاڑیوں پر برا اثر پڑتا ہے، جو کھلاڑی پرفارم کررہا ہوتا ہے وہ بھی نہیں کرپاتا،میری سابق کرکٹرز سے درخواست ہے کہ ٹیم کے لیے مثبت بات کیا کریں۔
افتخار احمد کا مزید کہنا تھا کہ لیجنڈکرکٹرز کھلاڑیوں کی تکنیک بارے اور دیگر حوالے سے مثبت باتیں کریں تو کھلاڑی ان کو سنتے ہیں، وہ اس پر عمل بھی کریں گے۔