(لاہور نیوز) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ جیت کر تاریخ رقم کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سینئر ٹیم بھی 2000 سے پہلے کبھی ایشیاء کپ نہیں جیتی تھی، پاکستان نے پہلی مرتبہ جب ایشیاء کپ جیتا تو اس وقت میں مین آف دی سیریز رہا تھا، انڈر 19 ایشیاء کپ میں بھارت سے اچھا مقابلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ روایتی حریف جب آپس میں ٹکراتے ہیں تو اس میچ کی اہمیت بہت زیادہ ہوتی ہے، پاک بھارت میچز ہمیشہ ٹف ہوتے ہیں، ایشیاء کپ میں بھارت کے علاوہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی اچھا مقابلہ ہوگا۔
انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہوتی ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ اس ایونٹ میں بھارت کو شکست دیں، انڈر 19 ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشیاء کپ جیتنے کے ساتھ ساتھ ہمارا فوکس کھلاڑیوں کی ڈیویلپمنٹ پر بھی ہے، ہم چاہتے ہیں کھلاڑی یہاں سے نکل کر نیشنل ٹیم میں جگہ بنائیں، ٹیم میں تبدیلی کرنا ہمارا نہیں سلیکشن کمیٹی کا کام ہے۔