02 Dec 2023
(ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے ہفتے کی شب کینبرا کے پاکستان ہاؤس میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچز اور ڈائریکٹر سمیت ٹیم سٹاف نے عشائیے میں شرکت کی،ہائی کمشنر زاہد حفیظ چودھری نے اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیم آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ اور کپتان شان مسعود نے ٹیم کو عشائیے میں مدعو کرنے پر زاہد حفیظ چودھری کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم اس دورے میں اچھی کارکردگی کے ساتھ ساتھ مثالی رویے کا بھی مظاہرہ کرے گی۔