(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فیروز پور روڈ اور کھڈیاں میں غیر معیاری کیچپ اور ساسز بنانیوالے یونٹ کی پروڈکشن بند کردی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے فیروزپور روڈ اور کھڈیاں خاص میں واقع کیچپ اینڈ ساسز یونٹس پر چھاپہ مارا جس کے دوران اس کی پروڈکشن بند کرکے 1800 کلو ساسز، 600کلو مایونیز، 3 پین اور مشین ضبط کر کے 133کلو غیر معیاری کیچپ اور بھاری مقدار میں ممنوعہ اجزاء تلف موقع پر کردیئے۔
راجہ جہانگیر انور کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، کھلے رنگوں ،کیمیکلز اورمصنوعی فلیور سے جعلی کیچپ تیار کی جا رہی تھی، تیار جعلی کیچپ اور ساسز کو ممنوعہ نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا، انتہائی لازم ریکارڈ عدم موجود پایا گیا، ساسز اور کیچپ کی پیکنگ کے لیے غیر منظورشدہ لیبل استعمال کیا جا رہا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر یونٹ بند کر دیا گیا، خوراک کی تیاری میں مضر صحت ممنوعہ اجزاء کا استعمال موذی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے، ملاوٹی کیچپ کو دلکش پیکنگ لگا کر لاہور شہر میں ہوٹلز اور چھوٹی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں خوراک کا کاروبار صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے، اشیائے خورونوش کی تیاری میں جعلسازی کرنے والے عناصر کا کاروبار بند کر دیا جائے گا۔