(لاہور نیوز) انسداد پولیو مہم کے تحت پہلے روز 70 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ لاہور میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی۔
لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 3 دسمبر تک جاری رہے گی۔ دیگر اضلاع میں مہم یکم دسمبر تک چلائی جائے گی۔
سربراہ انسداد پولیو پروگرام پنجاب خضر افضال کا کہنا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک والدین پولیو ٹیموں کا خیر مقدم کریں۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ بھی انسداد پولیو مہم میں متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر کی زیرصدارت اجلاس میں انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی سی لاہور نے بتایا کہ پہلے روز 2 لاکھ 86 ہزار 998 گھروں کو کور کیا گیا۔ 72 انکاری والدین کو قائل کر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ2 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ 83 پٹرولنگ موبائلز اور 498 موٹر سائیکل پٹرولنگ ٹیمیں سکیورٹی پر مامور ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی نے متعلقہ افسران کو انسداد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی خود چیک کرنے کی ہدایت کی۔