(ویب ڈیسک) سندھ پولیس نے قومی کرکٹرز کو بھی نہ چھوڑا، صہیب مقصود اور عامر یامین سے راہداری کی 8 ہزار روپے رشوت بٹورلی۔
قومی کرکٹر صہیب مقصود نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پرطویل پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بتاتے ہوئے سندھ پولیس کی بدعنوانی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔
پوسٹ میں صہیب مقصود نے خود کو پنجاب کا شہری ہونے پر فخر کرتے ہوئے لکھا کہ، ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ سندھ میں نہیں بلکہ پنجاب میں رہتے ہیں۔
— Sohaib Maqsood (@sohaibcricketer) November 27, 2023
انہوں نے لکھا کہ میں زندگی میں پہلی بار کراچی سے ملتان بذریعہ سڑک سفر کر رہا ہوں اور سندھ پولیس اتنی کرپٹ ہے کہ ہر 50 کلومیٹر کے بعد آپ کو روک کر پیسے مانگتی ہے یا پھر آپ کو بغیر کسی وجہ کے تھانے جانے کی دھمکی دیتی ہے۔
— Amir Yamin (@amiryamin54) November 27, 2023
کھلاڑی عامر یامین نے سندھ پولیس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے (سندھ پولیس) سے کہا کہ ہم بین الاقوامی کرکٹرز ہیں جو کراچی میں میچ کھیلنے کے بعد ملتان واپس جا رہے ہیں مگر اس کے باوجود انہوں نے 8 ہزار روپے لیے اور پھر ہمیں جانے دیا گیا۔
کرکٹرز صہیب مقصود اور عامر یامین کیساتھ یہ واقعہ سکرنڈ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔
جیسے ہی پوسٹ منظر عام پر آئی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے صہیب مقصود اور عامر یامین کو سندھ پولیس کی کرپشن بے نقاب کرنے پر خوب سراہا جارہا ہے اور ساتھ ہی ملے جلے ردعمل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔