(لاہور نیوز) فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف پنجاب بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے صوبے بھر میں فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف مجموعی طور پر اٹھارہ لاکھ روپے مالیت کے جرمانے کئے گئے ہیں۔ مختلف اضلاع میں باقیات جلانے والے کل 21 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں۔ باقیات جلانے کے جرم میں مختلف اضلاع سے 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بہاولنگر 3، منڈی بہاؤالدین 4، کوٹ ادو 1، نارووال 3، راجن پور 6، وہاڑی میں 2 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں۔ ضلع شیخوپورہ میں ریکارڈ ساڑھے گیارہ لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا ہے سموگ کی روک تھام کیلئے تمام تر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سموگ کا باعث بننے والے بھٹے، فیکٹریوں اور گاڑیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں، اینٹی سموگ اقدامات کا مقصد شہریوں کی جان کا تحفظ ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ عام شہری بھی خلاف ورزیوں پر نظر رکھیں، عوام الناس سنجیدہ ہو کر سماجی ذمہ داری پوری کریں، شہری ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، سموگ کے حوالے سے حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔