(لاہور نیوز) سموگ نے لاہور کی فضاؤں کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سموگ کے باعث ہزاروں افراد ہسپتالوں میں پہنچ گئے۔
لاہور میں سموگ کے روگ کی شدت میں کمی نہ آ سکی۔ لاہور بدستور دنیا بھر میں آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبروں پر براجمان نظر آتا ہے۔ سموگ کی شدت کے باعث ہزاروں افراد بیمار ہو کر ہسپتالوں میں پہنچ چکے ہیں لیکن انسداد سموگ کے لئے حکومت کی طرف سے اُٹھائے جانے والے اقدامات کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو پا رہے۔ ماہرین قرار دیتے ہیں کہ آنے والے چند ہفتوں کے دوران یہ صورت حال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
دوسری طرف محکمہ تحفظ ماحولیات کے حکام کی طرف سے قرار دیا جا رہا ہے کہ سموگ پیدا کرنے والے اندرونی عوامل پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے البتہ ابھی تک بھارتی پنجاب سے لاہور کی فضاؤں میں داخل ہونے والا دھواں بہت سے مسائل کا باعث بن رہا ہے۔ دعوی یہ بھی ہے کہ سموگ کی موجودہ صورت حال میں جلد بہتری آ جائے گی۔