پنجاب یونیورسٹی کے فلم اور براڈکاسٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی چیئرپرسن کی گورنر پنجاب سے ملاقات
(لاہور نیوز) پنجاب یونیورسٹی کے فلم اور براڈکاسٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر لبنی ظہیر نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے ملاقات کی۔
ملاقات میں حالات حاضرہ کے کچھ موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر لبنی ظہیر نے گورنر بلیغ الرحمن کو اپنی کتابیں پیش کیں۔ اس ملاقات کے دوران ڈاکٹر لبنی نے گورنر کو فلم ڈیپارٹمنٹ کے تعلیمی پروگرامز اور سرگرمیوں کے متعلق بھی معلومات فراہم کیں۔
گورنر بلیغ الرحمن نے میڈیا اخلاقیات کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ میڈیا کے طالب علموں کے لئے ٹیکنیکل مہارتوں کے ساتھ ساتھ میڈیا اخلاقیات کی تعلیم بھی نہایت ضروری ہے، اس کا فائدہ یہ ہے کہ فلم بنانے اور براڈکاسٹ صحافت کے ماہر نوجوان مضبوط اخلاقی بنیادوں سے بھی آگاہ رہیں گے۔
گورنر پنجاب نے ڈاکٹر لبنی ظہیر کو یقین دہانی کروائی کہ بطور چانسلر وہ اور ان کا دفتر فلم ڈیپارٹمنٹ اور اس کے طلبا کی مدد کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔