(ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید اور راشد شفیق کی ضمانتوں میں 25 نومبر تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے شیخ رشید احمد اور راشد شفیق کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔
اس موقع پر شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق بھی انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی پہنچے تھے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج 23 مقدمات میں سرکار نے مزید تیاری کی استدعا کی ہے، سرکار کا اصرار تھا کہ ایک ہفتہ مزید دیا جائے۔
ہفتے میں ساری دنیا کو پتہ چل جائے گا ہمارے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں: شیخ رشید
انہوں نے کہا کہ ضمانتوں میں 25 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے، 25 نومبر کو صبح یہاں اور دوپہر میں اسلام آباد میں ٹرائل ہو گا، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے تمام ضمنی مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہفتے میں ساری دنیا کو پتہ چل جائے گا کہ ہمارے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں، چلے سے 3 دن پہلے مجھ پر ایک بھی مقدمہ نہیں تھا، 68 کیسز اب تک میدان میں آ چکے ہیں، باقی اللہ بہت بڑا ہے۔