(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس نے کم عمر ڈرائیورز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے کہا ہے شہر میں 90 ایسے مقامات کو ٹریس کر لیا جہاں پر کم عمر ڈرائیورز گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلاتے ہیں،ان مقامات پر اضافی وارڈنز تعینات کرکے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3 روز کے دوران 400 سے زائد مقدمات کم عمر ڈرائیورز کے خلاف درج کئے گئے، رواں سال میں اب تک 20 ہزار 514 کم عمر ڈرائیورز کے خلاف چلان ٹکٹس جاری کئے ہیں، ڈیفنس فیز 6،7اور 8 میں ڈی ایچ اے کے تعاون سے 100 وارڈنز اضافی تعینات کر دئیے ہیں۔
مستنصر فیروز نے کہا کہ ماں باپ اپنے بچوں کو گاڑی اور موٹرسائیکل چلاتا دیکھ کر فخر محسوس کرتے ہیں جو کہ انتہائی غلط سوچ ہے، قانون میں ایسی شک بھی موجود ہے جہاں کم عمر ڈرائیورز کیساتھ والدین پر بھی کارروائی ہو سکتی ہے، ہمارا مقصد لوگوں کو ڈرانا نہیں ہے بلکہ ٹریفک حادثات کی روک تھام ہے۔
سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ کم عمر ڈرائیورز اپنی اور دوسرے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالتے ہیں، والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹرسائیکل اور گاڑی نہ دیں۔