(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ 9 کے دوران ملک میں عام انتخابات کے باعث میچز متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عام انتخابات کی وجہ سے ابتدائی میچز بیرون ملک کرانے کی تجویز زیر غور ہے، میچز ساؤتھ افریقہ اور دبئی میں کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔
پاکستان سپر لیگ گورننگ کونسل کا اہم اجلاس آج ہو گا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کریں گے، اجلاس میں 6 فرنچائزز کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی ایس ایل کی ونڈو کو حتمی شکل دی جائے گی، پی سی بی نے پی ایس ایل کیلئے اگلے برس 8 فروری سے 24 مارچ تک ونڈو رکھی ہوئی ہے، اجلاس میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور ابتدائی میچز پاکستان کے علاوہ کہیں اور کرانے پر غور ہو گا۔
ذرائع نے مزید کہا ہے کہ فرنچائزز کی اکثریت پاکستان میں ہی مکمل پی ایس ایل کرانے کے حق میں ہے، پاکستان میں پی ایس ایل کے وینیوز پر غور کیا جائے گا، پی ایس ایل کے شیڈول پر بھی اجلاس میں بات کی جائے گی جبکہ فنانشل اور دیگر معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔