(لاہور نیوز) بھارت کی نیدر لینڈز کیخلاف جیت کے ساتھ ہی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے کیلئے ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہو گئی۔
فائنل فور مرحلے کیلئے بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے، ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 15 جبکہ دوسرا سیمی فائنل 16نومبر کو کھیلا جائے گا، فائنل فور مرحلے میں کسی بھی ٹیم کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔
پہلے سیمی فائنل میں ایونٹ کی میزبان ٹیم بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا، دونوں ٹیمیں ممبئی میں ان ایکشن ہوں گی، بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں مد مقابل آ چکی ہیں جہاں کیویز نے بھارت کو 18 رنز سے دھول چٹائی تھی۔
دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں ٹکرائیں گی، ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں نے 9 ،9 میچز کھیلے اور 7 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس سے قبل بھی جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 1999ء اور 2007ء کے ورلڈ کپ سیمی فائنلز میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جہاں دونوں بار جیت آسٹریلیا نے اپنے نام کی ہے۔