(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے بعد اپنے مستقبل کے حوالے سے مشاورت شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق بابراعظم نے ایڈن گارڈنز کولکتہ میں سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سے مشاورت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بابراعظم کپتانی سے الگ ہونے پر سوچ رہے ہیں، وہ کپتانی کے حوالے سے وطن واپس آکر فیصلہ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق بابراعظم پی سی بی اور سابق کرکٹرز کے رویے سے مایوس ہیں، وہ کپتانی کے حوالے سے اپنے والد کے مشورے کو اہمیت دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابراعظم نے وائٹ بال کرکٹ کی کپتانی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا جبکہ قریبی لوگوں نے انہیں تینوں فارمیٹ سے الگ ہونے کا مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق بابر کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں بڑے بڑے کپتان ناکام ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابراعظم بھارت میں ہی کپتانی کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے تاہم اب وہ وطن واپس آکر فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں کارکردگی مایوس کن رہی، ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور افغانستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔