(ویب ڈیسک) پاکستان نے ٹینس کورٹ میں بھارت کے خلاف جنگ جیت کر آل انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کا غرور خاک میں ملادیا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے موقف پر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان نہ آنے کا بھارتی جواز مسترد کردیا ہے۔انڈین ٹینس ایسوسی ایشن نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی پیروی کرتے ہوئے سکیورٹی کا بہانہ بناکر بھارتی ٹینس ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ فروری میں اسلام آباد میں شیڈول ڈیوس کپ کو کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جائے۔
اس ایشوپر انٹرنیشنل ٹینس ڈیوس کپ انتظامیہ نے پندرہ رکنی کمیٹی بنائی تھی جس کے سامنے پاکستان نے موقف کی حمایت میں بھرپور دلائل پیش کرکے بھارتی جواز کو مسترد کرنے کی درخواست کی تھی۔
کمیٹی ممبران نے پاکستان میں سکیورٹی معاملات پر اطمینان کا اظہار اور پاکستان کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارتی ٹینس ٹیم کو ڈیوس کپ کے لیے پاکستان بھیجے۔ پاکستان ٹینس حکام نے موقف تسلیم کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا ہے۔