(لاہور نیوز) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارت کے شہر بنگلورو کے ایم چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا سب سے زیادہ 51 رنز اور مہیش تھیکشنا 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ نے 172 رنز کا ہدف 23.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ڈیون کونوے نے 45، راچن رویندرا نے 42 اور ڈیرل مچل نے43 رنز کی اننگز کھیلی۔
قبل ازیں سری لنکن اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، اوپنر پاتھم نسانکا 2، کپتان کوشل مینڈس 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔دیگر کھلاڑی چارتھ اسالنکا 8، اینجلو میتھیوز 16، دھننجایا ڈی سلوا 19، چمیکا کرونارتنے 6 ،سدیرا سمارا وکرما اور چمیرا ایک ایک سکور بناکر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3 ، مچل سینٹنر ، لوکی فرگوسن ، راچن رویندرا نے 2،2 جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔