(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے لیگ سپنر اسامہ میر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھرپور ردھم سے باؤلنگ کرتا نظر آؤں گا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے لیگ سپنر اسامہ میر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی سے ٹیم کو اعتماد ملا ہے، کوشش ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔
اسامہ میر نے کہا کہ پچز کی وجہ سے بولنگ کی رفتار کم کی تھی لیکن اب اسی ردھم کے ساتھ بولنگ کروں گا جیسے پہلے کرتا تھا۔
لیگ سپنر نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے میچ میں بارش نہیں بھی ہوتی ہے تو کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے جیتنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آخری دو میچز جیتنے پر قومی ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، انشاءاللہ آخری میچ اچھے مارجن سے جیت کر سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گے۔
اسامہ میر نے کہا کہ بھارت میں کسی جگہ پر سپنرز کو بھی سپورٹ مل رہی ہے لیکن کہیں پچ بالکل مختلف ہوجاتی ہے، یہاں سے کافی کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم اپنا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر بروز ہفتے کو کھیلے گی۔