(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا استعفیٰ منظور کرلیا۔
ذرائع کے مطابق سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹی وی پروگرام میں کرکٹ بورڈ قوانین کے منافی گفتگو کی تھی، پاکستان کرکٹ بورڈ اُن کے رویے سے شدید ناخوش ہے۔
سابق چیف سلیکٹر نے ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ پی سی بی کے ساتھ مزید کام نہیں کرنا چاہتے، سابق چیف سلیکٹر نے مختلف انٹرویوز میں پی سی بی اور ذکاء اشرف کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اب ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیا کو انٹرویوز میں کرکٹ بورڈ کے خلاف بیانات پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کا استعفیٰ منظور کیا ہے، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے انضمام الحق کا استعفیٰ قبول کرنے کی تصدیق کردی۔
یاد رہے کہ انضمام الحق نے مفادات کے ٹکراؤ پر اپنے خلاف انکوائری کمیٹی بننے پر 30 اکتوبر کو استعفیٰ دیا تھا، تاہم کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کا استعفیٰ منظور نہیں کیا تھا، ان کے خلاف پی سی بی میں مفادات کے ٹکراؤ کے الزام پر انکوائری جاری ہے۔