(لاہور نیوز) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 40 ویں میچ میں انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 340رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارت کے شہر پونے کے مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے اوپنر بلے باز آج بھی ٹیم کو بڑا آغاز دینے میں ناکام رہے اور جونی بیرسٹو 15 جبکہ جو روٹ 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ہیری بروک 11، کپتان جوز بٹلر 5، معین علی 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔
تاہم بین سٹوکس اور ڈیوڈ ملان کی ذمہ دارانہ بلے بازی نے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا، بین سٹوکس نے 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ملان نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے بھی ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اچھی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ولی بھی 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے3، آرین دت اور لوگن وین بیک نے 2،2 جبکہ پال وین میکرن نے ایک وکٹ حاصل کی۔