عام انتخابات کا انعقاد: ملک بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنے کا امکان
(ویب ڈیسک) ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے ملک بھر کے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کو معطل کئے جانے کا امکان ہے۔
رولز کے تحت عام انتخابات کے انعقاد سے نوے روز قبل منتخب نمائندوں کو معطل کیا جاتا ہے، ذرائع کے مطابق حلقہ بندیاں مکمل اور الیکشن شیڈول جاری کرنے پر ملک بھر سے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو نوے روز کیلئے معطل کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد منتخب بلدیاتی نمائندے سرکاری امور سرانجام اور انتظامی امور میں مداخلت نہیں کر سکیں گے، منتخب بلدیاتی نمائندے الیکشن کے انعقاد اور دیگر مراحل مکمل ہونے تک کسی قسم کے سرکاری امور سرانجام نہیں دے سکیں گے۔
سال دو ہزار اٹھارہ میں بھی عام انتخابات کیلئے ملک بھر کے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کو قوانین کے تحت نوے روز کیلئے معطل کیا گیا تھا، بلدیاتی نمائندوں کی معطلی سے بلدیاتی امور بری طرح متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔