(لاہور نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی معاشی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے انسٹی ٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر کے پہلے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، نگران وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونیوالے طلبا میں اسناد تقسیم کیں اور انہیں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کامیاب ہونے والے طلبا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، فارغ التحصیل طلبا ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں گے، پاکستان کو پاس آؤٹ ہونے والے طلبا کی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان نے ترقی کی منازل طے کی ہیں، حکومت ملک کی معاشی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے، پاکستان میں معیشت کی ترقی کیلئے بہت سے مواقع موجود ہیں، پاکستان ایک منفرد محل و قوع پر واقع ملک ہے۔