نومبر میں گندم کے اجرا پر قیمتیں کیا ہو سکتی ہیں؟ لاہور نیوز سفارشات سامنے لے آیا
(لاہور نیوز) نومبر میں گندم کے اجرا پر قیمتیں کیا ہو سکتی ہیں؟ لاہور نیوز سفارشات سامنے لے آیا۔ کون سے صوبے میں گندم ریلیز کی قیمت کیا ہو گی؟ اور دس کلو آٹے کا تھیلا کتنی قیمت پر فروخت ہو گا ؟
محکمہ خوراک نے نومبر کے آغاز پر گندم اجرا شروع کرنے کی آپشن رکھ دی۔ پنجاب میں گندم کی فی من اجرائی قیمت 4300 سے 4600 روپے رکھنے کی سفارش کر دی گئی۔ سندھ حکومت کی گندم کی فی من ریلیز پرائس 4400 سے4600 روپے اور کے پی حکومت کی فی من اجرائی قیمت 4650 سے 4700 روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ محکمہ خوراک پنجاب نے گندم کی فی من اجرائی قیمت کی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیج دی۔ وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کی گئی گندم کی اجرائی قیمت کی کاپی دنیا نیوز ، لاہور نیوز نے حاصل کر لی۔
سمری دستاویز کے مطابق گندم کی فی من اجرائی قیمت فکس کرنے کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ہو گا۔ اجلاس میں سرکاری گندم کی ’’وِیٹ ریلیز پالیسی 2023-24‘‘کی سمری کا فیصلہ ہو گا۔ 4300 روپے فی من کی صورت میں10 کلو آٹے کا تھیلا 1256 روپے میں ملے گا۔
ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1350 روپے میں فروخت ہو گا۔ گندم کی قیمت 4350 روپے مقرر ہوئی تو 10 کلو کا تھیلا 1274 روپے میں ملے گا۔ پچھلے سال سرکاری گندم 2200 روپے فی من کے حساب سے خریدی گئی تھی۔ نئی گندم کی خریداری اس مرتبہ 3900 روپے فی من رکھی گئی ہے۔ نئی گندم کی قیمت فروخت 43 سو روپے ہونے سے 400 روپے اضافہ ہو گا۔
سرکاری گندم کی فی من قیمت میں مجموعی طور پر 21 سو روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔