(ویب ڈیسک) ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی غیر متاثرکن کارکردگی نے انکی ون ڈے فارمیٹ میں نمبر ون پوزیشن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
بابراعظم اپنی مستقبل مزاج بیٹنگ کی بدولت گزشتہ دو سال سے مسلسل آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ایک بیٹر کی پوزیشن پر براجمان ہیں تاہم بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں ان کی تاحال غیر متاثر کن کارکردگی نے اب انکی اس حکمرانی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
بابراعظم جو 5 میچز کھیل کر صرف دو نصف سنچریاں ہی بنا سکے ہیں اب بھی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 829 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون بیٹر ہیں تاہم دوسرے نمبر پرموجود بھارتی اوپنر شبمن گل سے ان کا فرق صرف 6 پوائنٹ رہ گیا ہے جو 823 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اگر بابراعظم اگلے میچز میں بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہتے ہیں اور شبمن گل کا بیٹ رنز اگلتا ہے تو ان سے یہ اعزاز چھن سکتا ہے، تاہم صرف شبمن گل ہی نہیں بلکہ رواں ورلڈکپ میں تین سنچریاں بنانے والے جنوبی افریقی بیٹر کوئنٹن ڈی کاک بھی ان کی نمبر ون پوزیشن چھین سکتے ہیں جو تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اسی حوالے سے آئی سی سی کے جاری ایک بیان کے مطابق ابھی تک کرکٹ ورلڈ کپ کے پانچ میچوں میں 157 رنز بنانے کے باوجود بابراعظم 829 ریٹنگ پوائنٹس پر ہیں جبکہ بھارتی اوپنر شبمن گِل نے ابھی تک تین میچوں میں انڈیا کے لیے 95 رنز بنائے ہیں، جس میں اُن کی پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف 53 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔
آئی سی سی کے مطابق بابراعظم کی پہلی پوزیشن پر آنے کے لیے صرف انڈین اوپنرشبمن گِل ہی نہیں بلکہ جنوبی افریقہ کے اِن فارم بیٹر کوئنٹن ڈی کوک بھی ہیں جو رواں ورلڈ کپ میں تین سنچریاں سکور کرنے کے بعد ترقی کرکے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ ون ڈے رینکنگ کے مطابق بابراعظم پہلے، شبمن گل دوسرے، کوئنٹن ڈی کوک تیسرے، جنوبی افریقی بیٹر ہینرک کلاسن چوتھے، آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر پانچویں، ویرات کوہلی چھٹے، آئرلینڈ کے بیٹر ہیری ٹیکٹر ساتویں، بھارتی کپتان روہت شرما آٹھویں، جنوبی افریقی بلے باز رَسی فین ڈر ڈسن نویں اور پاکستانی اوپنرامام الحق دسویں نمبر پر موجود ہیں۔