(ویب ڈیسک) سری لنکا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست کے بعد پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھن گئی۔
بنگلورو کرکٹ سٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 25 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سری لنکا پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں پوزیشن پر پہنچ گیا جبکہ پاکستان پانچویں سے چھٹے نمبر پر چلا گیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جنوبی افریقا 8 پوائنٹس اور +2.370 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس اور +1.481 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے جبکہ آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
سری لنکا 4 پوائنٹس اور 0.205- کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پانچویں اور پاکستان 4 پوائنٹس 0.400- نیٹ رن ریٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلا گیا ہے۔ افغانستان ساتویں، بنگلا دیش آٹھویں، انگلینڈ نویں اور نیدرلینڈز دسویں نمبر پر ہے۔
انگلینڈ ورلڈ کپ 2023 میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکا ہے۔ لیگ مرحلے میں چار شکستوں کے بعد انگلینڈ کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں کافی حد تک ختم ہوگئی ہیں۔
انگلینڈ اب 29 اکتوبر کو لکھنؤ میں بھارت کے مدمقابل آئے گا۔ پاکستان اپنے چھٹے میچ میں آج جمعہ کو چنئی میں جنوبی افریقا کیخلاف میدان میں اترے گا۔