(ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق فاسٹ بولرعمر گل نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو میدان میں سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں کو مشورہ دینا پسند نہیں ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں عمر گل نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ جب قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کا حصہ تھے تب بابر نے ایک سیریز کے دوران محمد رضوان اور شاداب خان کو مشورہ دینے پر ڈانٹا تھا۔
عمر گل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عام طور پر ایسا ہوتا ہے کہ جتنے بھی سینئر کھلاڑی ہوتے ہیں وہ دباؤ پڑنے کی صورت میں فوراً بولر کے پاس جاتے ہیں اور اس سے بات کرتے ہیں یا کپتان کے ذریعے اپنا پیغام بھجواتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں پاکستان ٹیم کے ہمراہ کوچنگ سٹاف میں شامل تھا تب میں نے ایک دو واقعات ایسے دیکھے جہاں شاداب اور رضوان نے بولرز کو بتانے کی کوشش کی تو وہاں ان کو کپتان بابراعظم کی جانب سے ڈانٹ پڑی۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ شاید ان کے ذہنوں میں یہی بات ہو جس کی وجہ سے ورلڈکپ میں کوئی سینئر کھلاڑی بولرز کے پاس نہیں جا رہا یا ہو سکتا ہے انہیں منع کیا گیا ہو کیونکہ عام طور پر سینئر کھلاڑی بتاتے ہیں لیکن یہاں ایسا نہیں ہو رہا۔
واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو ورلڈکپ میں پاکستان کو افغانستان سے 8 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد سے قومی کرکٹ ٹیم کی حکمتِ عملی تنقید کی زد میں ہے۔