راولپنڈی،فیصل آباد ،گوجرانوالہ سیف سٹیز پراجیکٹ جلد مکمل کیے جائیں:محسن نقوی
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فیصل آباد ، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں سیف سٹیز پراجیکٹ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے آفس میں اہم اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے سیف سٹیز پراجیکٹس پر پیشرفت کاجائزہ لیاگیا، اجلاس میں ایمرجنسی سروسز 15کی بہتری اورپنجاب سیف سٹی اتھارٹی کو پیپر لیس بنانے کے لئے تجاویز پر غور کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے سیف سٹی پراجیکٹس کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی جبکہ وزیراعلیٰ نے تینوں شہروں کے آر پی اوز کو پراجیکٹس کی ذاتی طورپر نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تینوں شہروں میں سیف سٹیز کی عمارتوں کی تعمیر کے ساتھ ضروری آلات کی خریداری کاعمل بروقت مکمل کیاجائے، محکمہ تعمیرات و مواصلات عمارتوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائے، لاہور سیف سٹی پراجیکٹ کے تمام کیمرے جلد ازجلد فعال کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کو آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں 2000کیمرے نومبر کے پہلے ہفتے تک فعال ہوجائیں گے۔
چیف سیکرٹری،انسپکٹرجنرل پولیس،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سیکرٹری ریگولیشن،سی سی پی او،سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ کے آر پی اوز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔