(ویب ڈیسک) لاہور میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کیلئے پولوان پنک پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں خواتین کھلاڑیوں کی شرکت نے ٹورنامنٹ میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔
ٹورنامنٹ منتظمین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ پولو ٹورنامنٹ میں 15 خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں جس میں امریکا، انگلینڈ، آسٹریلیا،ہالینڈ، ایران اور پاکستان کی خواتین کھلاڑی ایکشن میں ہوں گی۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ ہر ٹیم میں ایک خاتون کھلاڑی شامل ہے اور 15 خواتین کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پولو ان پنک پولو ٹورنامنٹ کا فائنل 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں سی ای او پنک ربن پاکستان عمر آفتاب کا کہنا تھا کہ چھاتی کے کینسر کی آگاہی کے لیے ہر سال ٹورنامنٹ کراتے ہیں، ہمیشہ کی طرح ٹورنامنٹ میں سنسنی خیز مقابلے ہوں گے اور اس ایونٹ سے خواتین میں پولو کا بھی فروغ ہو گا۔
دوران پریس کانفرنس خاتون کھلاڑی کا کہنا تھا کہ لاہور پولو کلب میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے، ایک مثبت وجہ کیلئے کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں ہم لوگ شریک ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ایک خوبصورت اور اچھا شہر ہے اور یہاں کی مہمان نوازی بہت ہی اعلیٰ ہے۔