پاکستانی کھلاڑیوں سے بھارتی شائقین کی بدسلوکی کامعاملہ،عرفان پٹھان کاایک اور بیان سامنے آگیا
(ویب ڈیسک)پاک بھارت میچ کے دوران شائقین کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کیساتھ بدسلوکی کے معاملے پرسابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان نے ایک اور بیان دے دیا۔
تفصیلات کےمطابق میگا ایونٹ میں بھارتی شائقین کے ناروا سلوک اور مذہبی نعروں کے ذریعے کھلاڑیوں کو اُکسانے کی کوشش پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے شدید احتجاج کیا تھا اور تماشائیوں کے رویے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
بھارتی شائقین کرکٹ کے ناروا سلوک کا جواز پیش کرتے ہوئے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے لکھا کہ ’’ہم پشاور میں میچ کھیل رہے تھے تو تماشائی نے لوہے کی کیل پھینکی جو آنکھ کے نیچے لگی ہم نے اس کا ایشو نہیں بنایا تھا البتہ میزبانی کی تعریف کی تھی‘‘۔
ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’’اسی طرح میچ کے دوران شائقین کرکٹ نے پیار سے بالاجی زرا دھیرے چلو کے نعرے لگائے تھے لیکن ہم آگے بڑھے اور اس پر رونے کی بجائے جیت پر توجہ مرکوز کی‘‘۔