(ویب ڈیسک) آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں 20 اکتوبر کو پاکستان اپنا اہم میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی شہر بنگلورو میں آسٹریلیا کے خلاف گرین شرٹس کے اہم مقابلے سے قبل اوپنر فخر زمان اور لیگ اسپنر اسامہ میر مکمل فٹ ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فخر زمان گھٹنے کے درد اور اسامہ میر بخار میں مبتلا تھے جو اب صحت یاب ہوچکے ہیں اور ممکن ہے کہ دونوں کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں۔
بھارتی شہر بنگلورو میں موجود پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز پیر کو آرام کیا، کچھ کھلاڑیوں نے ہوٹل میں جم ٹریننگ بھی کی۔
آج ٹیم کا پریکٹس سیشن شام 6 سے رات 9 بجے تک شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں پاکستان اب تک 3 میچز کھیل چکا ہے جس میں نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف کامیابی ملی تھی جبکہ بھارت کے خلاف 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔